کابل: افغان وزارت داخلہ نے پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے آپریشنز کی بحالی کا اعلان کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے منگل کے روز آپریشنز کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 25 ہزار پاسپورٹ شہریوں کو جاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے قائم مقام سربراہ علیم گل حقانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک بھر صوبوں میں بھی پاسپورٹ سروسز کو بحال کردیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے نئے پاسپورٹ پرانے ٹائٹل اسلامی جمہوریہ افغانستان کے نام سے ہی جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی خواتین اسٹاف کو بھی اپنی ڈیوٹی پر واپس آنے کے لیے کہا گیا ہے، خواتین کے پاسپورٹ کے معاملات دیکھنے کے لیے خواتین اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا۔افغان میڈیا کا بتانا ہیکہ پاسپورٹ سروسز کی بحالی کے بعد کچھ خواتین اسٹاف اپنی ڈیوٹی پر واپس بھی آچکی ہیں۔وزارت داخلہ کے حکام کا بتانا ہیکہ تقریبا دو ماہ تک آپریشنز معطل رہنے کے باعث پاسپورٹ کے حصول کے لیے ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں 15 گست کو کابل پرطالبان کے کنٹرول کے بعد وزارت داخلہ نے پاسپورٹ آپریشنز معطل کردیے تھے۔اس سے قبل طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ مستقبل میں جو نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے ان پر اسلامی امارت لکھا جائے گا۔