بالوں کی جڑوں میں پائی جانے والی خشکی مرد و خواتین دونوں میں عام ہے، اس کا کوئی موسم نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک جِلدی بیماری کی طرح حملہ آور ہوتی ہے جس کا علاج نہایت ضروری ہوتا ہے ورنہ شرمندگی کا باعث بننے والی یہ خشکی بالوں کو بھی لے اڑتی ہے۔خشکی کو عام زبان میں سکری بھی کہا جاتا ہے، جِلدی ماہرین کی جانب سے خشکی بننے کی سب سے بڑی وجہ شیمپو کا زیادہ استعمال، شیمپو میں پائے جانے والے کیمیکلز، ذہنی دباو اور ہر وقت سر کو ڈھانپ کر رکھنے کو قرار دیا جاتا ہے، بالوں کو صاف نہ رکھنے سے بھی سر میں خشکی کی افزائش ہوتی ہے۔بالوں میں خشکی کی سب سے عام علامت خارش اور بالوں میں سفید فنگس کا پایا جانا ہے، بعض اوقات یہ فنگس جھڑ کر کپڑوں پر بھی گرنے لگتا ہے یا کنگھی کرنے کی صورت میں سر سے اکھڑتا ہے۔خشکی کے خاتمے کے لیے مہنگے شیمپو، ٹانک اور بیوٹی پروڈکٹس سے علاج کرنے کے بجائے کچن کا رخ کرنا زیادہ موزوں علاج ثابت ہوتا ہے۔خشکی کو دور کرنے کے لیے گھر ہی میں موجود مندرجہ ذیل بتائی گئی اشیا کا استعمال بلا جھجک کیا جا سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق پیاز میں اینٹی فنگل خصوصیات پائی جاتی ہیں جو سر کی خشکی جیسے فنگس کو ختم کرتی ہیں۔پیاز کے استعمال کے لیے سب سے پہلے پیاز کا رس نکال لیں اور پھر اس رس کو سر کے اس حصے پر لگالیں جہاں خشکی اور فنگس کے ذرات موجود ہیں، اِس نسخے سے جلد ہی خشکی سے نجات مِل جائے گی۔لیموں میں قدرتی طور پر سِٹرک ایسڈ پایا جاتا ہے جو سر سے خشکی کے ذرات کو نکالنے میں مدد کرتا ہے۔خشکی سے نجات پانے کے لیے روئی کو لیموں کے رس میں بھگوئیں اور سر کی جِلد پر جہاں جہاں خشکی ہے وہاں لگائیں اِس نسخے سے خشکی ختم ہونے میں مدد ملے گی۔لہسن میں اینٹی فنگل، اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹیک کی خصوصیات پائی جاتی ہیں، لہسن کے ذریعے سر سے خشکی ختم کرنے کے لیے لہسن کو پیس لیں اور اِس کا پیسٹ بنا کر سر کی جِلد پر لگالیں، کچھ دیر بعد سر دھولیں، خشکی سے نجات حاصل کرنے کا یہ ایک بہترین آزمودہ نسخہ ہے۔ناریل کا تیل سر کی خشکی ختم کرنے کا ایک موثر علاج ہے، ناریل کے تیل سے خشکی ختم کرنے کے لیے اس کے تیل کی حسب ضرورت مقدار لے کر ہلکا گرم کریں اور پھر اِس میں لیموں کا رس مِلا لیں، اِس کے بعد اِس تیل کو اپنے سر کی جِلد پر لگائیں اور تھوڑی دیر مساج کریں، یہ عمل سر کی خشکی ختم کرنے میں مفید ہے۔نیم میں قدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موجود ہوتی ہیں اور اِس کا تیل سر سے خشکی ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، نیم کے تیل سے مساج کرنے کے نتیجے میں خشکی سے چھٹکارا مِل جاتاہے۔کھانے کا سوڈا، یعنی میٹھا سوڈا ہر گھر کے باورچی خانے کا اہم جزو ہوتا ہے، اِس میں موجود اینٹی فنگس خصوصیات سر کی جِلد سے خشکی ختم کرنے میں اور سر کی جِلد پر قدرتی تیل پیدا کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ۔اِس کا طریقہ استعمال یہ ہے کہ پہلے بالوں کو گیلا کرلیں اور سر کی جلد پر کھانے کا سوڈا لگائیں، اِس کے بعد انگلیوں کے پوروں کی مدد سے رگڑیں اور کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔بعد ازاں سر کو صرف پانی سے دھولیں۔انڈے کی زردی میں اینٹی ڈینڈرف خصوصیت موجود ہوتی ہیں، انڈ ے کی زردی سر کی جلد پر لگانے سے خارش بھی ختم ہوتی ہے اور اِس کے علاوہ خشکی سے بھی نجات ملتی ہے۔ایلو ویرا وٹامنز، پروٹین اور معدنیات کی خصوصیات سے مالا مال ہے اور اِس میں اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریل کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں، ایلو ویرا کی مدد سے سر کی خشکی ختم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ خشکی والے حصوں پر ایلو ویرا جیل لگالیں اور کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں، پھر سر کو دھولیں، اِس سے خشکی ختم ہوجائے گی۔