پشاور (جنرل رپورٹر ) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام ایک ایک پائی کے محتاج ہو گئے ہیں۔ مہنگائی نے عام آدمی سے قوت خرید چھین لی ہے۔ ہر روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ عوام کے اندر حکمرانوں کے خلاف غصے اور مایوسی کا لاوا پک رہا ہے۔ پی ٹی آئی غریبوں کو روٹی اور بے روزگاروں کو نوکریاں دے۔ حکومت غریب مکائو پالیسی ترک کریں اور عوام بچائو کا راستہ اپنائے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملک کی تاریخ کے بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں ۔ اضافہ فوری طور پر واپس لیں ۔ وہ مرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ عنایت اللہ خان نے کہاکہ حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری، رشوت، کرپشن نے تین سالہ دورِ اقتدار میں تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکس ٹیرف میں مسلسل اضافے سے پیداوار ی لاگت ناقابلِ برداشت ہو گئی ہے۔ کاروباری سرکل رُک گیا ہے اور صنعتی پہیہ جام ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پٹرول بم گرا کرحکومت نے سفید پوش طبقے اور مزدوروںکو زندہ درگور کر دیا ہے۔دیہاڑی دار مزدور تو پہلے ہی کورونا کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈائون کی چکی میں پسا ہوا تھا۔ بھوکا تھا، بے روزگار تھا،اب مزید قیمتیں بڑھنے سے خودکشیوںپر مجبور ہوجائے گا۔آٹا ، گھی ، چینی، سبزیاں ، چکن، دالیں ، مصالحے سب غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔ انہوںنے کہاکہ عام آدمی کا سب سے بڑا مسلہ مہنگائی ہے جس کو ختم کرنے میں حکومت ناکام رہی ہے ۔ لوگ بد عائیں دے رہے ہیں۔ نوجوان تعلیم سے محروم ہو کر بے راہ روی کا شکار اور ٹک ٹاکر بن گئے ۔